ایران : جاسوسی کا الزام، سابق دفاعی اہلکار کو سزائے موت سنا دی گئی

Published On 12 January,2023 07:21 am

تہران : ( ویب ڈیسک ) ایران کی سپریم کورٹ نے برطانیہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک ایرانی نژاد برطانوی شہری اور سابق دفاعی اہلکار کو پھانسی کی سزا سنا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق دفاعی اہلکار علی رضا اکبری جو کہ ایرانی نژاد برطانوی شہری ہیں، کو بدعنوانی اور انٹیلی جنس کے ذریعے ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزائے موت دی گئی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ایرانی عدالت کے فیصلے پر سخت تنقید کی اور اکبری کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

جیمز کلیورلی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری کئے گئے پیغام میں لکھا کہ ’’ یہ ایک وحشی حکومت کی طرف سے سیاسی طور پر حوصلہ افزائی کی کارروائی ہے جس میں انسانی زندگی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے ‘‘۔

برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم علی اکبری کے خاندان کی سپورٹ کر رہے ہیں اور ایرانی حکام کے ساتھ ان کا معاملہ بار بار اٹھایا ہے، ہماری ترجیح اس کی فوری رہائی کو یقینی بنانا ہے اور ہم نے فوری قونصلر رسائی کے لیے اپنی درخواست کا اعادہ کیا ہے۔