لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانیہ اور جاپان کے درمیان ایک دوسرے کے ممالک میں فوجیوں کی تعیناتی کے حوالے سے انتہائی اہم نیا دفاعی معاہدہ طے پا گیا ، برطانوی اور جاپانی وزرائے اعظم نے لندن میں ملاقات کے دوران معاہدے پر دستخط کیے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ معاہدہ ایشیا پیسیفک خطے میں برطانیہ کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور چین کی طرف سے درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے ٹوکیو کی کوششوں کی تازہ ترین علامت ہے۔
یہ معاہدہ 2020 میں یورپی یونین سے ملک کی علیحدگی کے بعد برطانیہ کی خارجہ پالیسی میں ایک نئے ’’ انڈو پیسیفک جھکاؤ ‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم سنک کے دفتر نے معاہدے کو ’’ ایک صدی سے زیادہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم دفاعی معاہدہ ‘‘ قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا یہ باہمی رسائی کا معاہدہ ہماری دونوں قوموں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے ، یہ ہند، بحرالکاہل کے لیے ہماری وابستگی کو مضبوط کرتا ہے اور اقتصادی سلامتی کو فروغ دینے کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
خیال رہے کہ معاہدے پر بات چیت 2021 میں شروع ہوئی تھی۔