لندن کے ایئرپورٹ پر یورینیم برآمدگی کی تحقیقات میں پیش رفت، ایک شخص گرفتار

Published On 17 January,2023 12:19 am

لندن: (ویب ڈیسک) لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر یورینیم کا پارسل پکڑے جانے کی تحقیقات کے دوران ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے انسداد دہشت گردی کے حکام نے ایک شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے ایک برطانوی اخبار نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر حکام کی جانب سے معمول کی تلاشی کے دوران ایک پیکج کو تحویل میں لینے کی خبر دی تھی، اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ یورینیم کا پیکج پاکستان سے عمان کے راستے ایک پرواز کے ذریعے 29 دسمبر کو لندن پہنچا تھا۔

پولیس نے 60 برس کے ایک شخص کو برطانیہ کے دہشت گردی ایکٹ کے تحت شمال مغربی انگلینڈ کے شہر چیشائر سے گرفتار کیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے باوجود بھی عوام کیلئے کسی قسم کا خطرہ نظر نہیں آتا۔

یورینیم پیکج کے معاملے کی برطانیہ کی خفیہ ایجنسی بھی تحقیقات کر رہی ہے، ایک اور برطانوی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یورینیم کا پارسل دراصل چند ایرانی شہریوں کی جانب سے برطانیہ کے کسٹم حکام کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے ’ڈرائی رن‘ کوشش تھی۔
 

Advertisement