پاکستان ہائی کمیشن لندن میں کرسمس کی سالانہ تقریب کا انعقاد

Published On 16 December,2022 11:41 pm

لندن: ( اظہر جاوید سے ) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں کرسمس کے روایتی عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں بشپ آف گیلفورڈ ریورنڈ اینڈریو واٹسن بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، سیکرٹری جنرل کامن ویلتھ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ، بشپ مائیکل نذیر علی، ڈاکٹر جیمز شیرا، مسیحی اور مسلم مذہبی رہنماؤں، برطانوی پاکستانی مسیحی برادری نے استقبالیہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا کہ کرسمس تزکیہ نفس، غور و فکر اور خود شناسی کا دن ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پیغام محبت اور قربانی عالمگیریت ہے، مسلمانوں کا تمام انبیاء پر ایمان ہے اور ان کا احترام اسلامی عقیدہ کا بنیادی اصول ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ انسانیت کے نقطہ نظر کے تحت یکجہتی، یگانگت، تقویٰ اور ہمدردی کے جذبے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ہائی کمشنر نے پاکستان کی تخلیق میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا اور ملک بھر میں تعلیمی اداروں، ہسپتالوں کی تعمیر اور سماجی شعبے کی ترقی میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے بنیادی اصولوں کا حصہ ہے اور حکومت پاکستان اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔

ہائی کمشنر نے یاد دلایا کہ کرسمس کے دن، پاکستانی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بھی مناتے ہیں اور ایک جمہوری ریاست کے لیے ان کے وژن پر عمل کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں چاہے وہ کسی بھی نسل، مذہب اور مسلک سے تعلق رکھتے ہوں۔

پاکستان کے لیے سیلاب کی امداد پر برطانیہ کی حکومت اور اس کے عوام کی تعریف کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے مہمانوں کو ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بتایا اور سیلاب متاثرین کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے عالمی تعاون پر زور دیا۔

مقررین نے یسوع مسیح کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالی، انہوں نے عالمی بھائی چارے اور پرامن بقائے باہمی کے لیے تہذیبوں کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے پر زور دیا، ایک جامع اور متنوع پاکستان کے لیے قائداعظم کے وژن کو بھی سراہا۔ مختلف گرجا گھروں کے متعدد طائفوں نے کرسمس کے گیت گائے جس نے جشن اور تہوار کی خوشی میں اضافہ کیا۔
 

Advertisement