برطانیہ میں شدید برفباری، مواصلاتی نظام متاثر

Published On 13 December,2022 09:53 am

لندن : (دنیا نیوز) برطانیہ میں شدید برفباری سے مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن سمیت برطانیہ کے مختلف حصوں میں سرد موسم، دھند اور برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے، زمینی اور فضائی سفر میں مشکلات کا سامنا ہے ، برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے مختلف حادثات پیش آرہے ہیں، جبکہ ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے ۔

برفباری کی وجہ سے ڈیڑھ سو پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، کارنوال سے اسکاٹش ہائی لینڈز تک اسکول بھی بند ہیں، جنوب مشرقی اور مشرقی انگلینڈ میں بھی برف باری نے لوگوں کو گھروں میں قید کردیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے علاقے ایبرڈین شائر میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا جبکہ ویلز میں درجہ حرارت منفی 8 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل برمنگھم کے نواحی علاقے سوہلی ہُل کی یخ بستہ جھیل میں گر کر تین بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک 6 سالہ بچہ تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی کی گئی تھی جبکہ صحت عامہ کی ایجنسی نے شہریوں کے لیے انتباہ بھی جاری کیا تھا۔


 

Advertisement