لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے پولیس افسر نے اپنی ملازمت کے دوران دو دہائیوں تک خواتین سے زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس افسر ڈیوڈ کیرک نے 18 سال پر محیط عرصے کے دوران 12 خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا اعتراف کیا ہے، اعتراف جرم کے بعد ڈیوڈ کیرک ملک کے سب سے زیادہ جنسی جرائم میں ملوث مجرموں میں شامل ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2001ء میں ڈیوڈ کیرک کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد اسے معطل کر دیا گیا تھا۔
مجرم ڈیوڈ کیرک پر دوران ملازمت 80 سے زائد جنسی جرائم کا مقدمہ چل رہا ہے، دوران تفتیش مجرم نے اعتراف کیا کہ اس نے 9 خواتین کو متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس افسر کے اعتراف جرم کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس نے شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی ہے جبکہ حکومت نے معاملے کو خوفناک قرار دیا ہے۔