سعودی عرب، امریکہ اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کو تیار

Published On 17 January,2023 05:42 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب بیک وقت امریکہ اور چین کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعلقات کی وجہ سے دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سعودی وزیر خارجہ محمد الجدان نے ورلڈ اکنامک فورم کے جاری اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

میڈیا کی طرف سے سعودی وزیر خزانہ سے پوچھا گیا کہ وہ چین کے ساتھ امریکی معاملات کی بہتری میں کردار ادا کر سکتے ہیں، ان کا جواب تھا ، مکمل طور پر کر سکتے ہیں، ہمارے دونوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اس لئے ہم ان کے درمیان پیدا ہوچکے فاصلے پر قابو پانے کے لئے پل بنا سکتے ہیں۔

سعودی وزیر سے پوچھا گیا کہ وہ سال کے دوران سب سے بڑا خوف کس چیز کا سمجھتے ہیں، جس پر محمد الجدان نے کہا، ہمیں جیو پولیٹیکل کشیدگیاں کم کرنے کے لئے باہمی تعاون اور شراکت کاری کو بڑھانا چاہئے۔

واضح رہے امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے خرابی کی طرف مائل ہیں۔ اسی زمانے میں امریکہ نے کووڈ 19 کے پس منظر میں چین پر ناجائز کاروباری معاملات کا الزام لگایا تھا۔

امریکہ چین پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تائیوان کے حوالے سے بھی ناراضگی میں رہتا ہے، اب معاملات میں بہتری کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ اگلے ماہ چین کے دورے پر جائیں گے۔

ادھر امریکی وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ جینیٹ ییلن چینی نائب صدر سے زیورچ میں ملیں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان روابط میں بہتری لائی جا سکے۔
 

Advertisement