جدہ: (ویب ڈیسک)اسلامی تعاون تنظیم اور رابطہ عالم اسلامی نے سویڈن میں قرآن کریم کے نسخے کو نذر آتش کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ انتہائی دائیں بازو کے کارکنوں کی جانب سے سویڈن کے حکام کی اجازت سے قرآن پاک کے نسخے کی بے حرمتی کرنا قابل مذمت ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ یہ اشتعال انگیز عمل ہے، انتہا پسند عناصر مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہیں ، ان کی مقدس اقدار کی توہین کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ ایک اور مثال ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلامو فوبیا، نفرت، عدم رواداری اور زینو فوبیا کس خطرناک حد تک پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی پرزور مذمت
اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل نے سویڈش حکام پر زور دیا کہ وہ اس نفرت انگیز جرم کے مرتکب افراد کے خلاف ضروری اقدامات کریں۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے نفرت کو ہوا دینے اور مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے طریقوں کے خطرے سے خبردار کیا اور کہا کہ اس طرح کے لاپرواہ رویے سے دیگر جرائم کے علاوہ آزادیوں کے تصور اور ان کی انسانی اقدار کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔