بیجنگ: (ویب ڈیسک)چین نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشہ ایک برس کے دوران 10 سے زائد غبارے بھیج کر ان کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن سے بیجنگ میں نیوز بریفنگ کے دوران پوچھا گیا کہ چین نے اپنی فضائی حدود میں دراندازی کا کیا جواب دیا جس پر ترجمان نے جواب دیا کہ ہمارا ردعمل ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ تھا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غباروں سے متعلق مزید وضاحت نہیں دی کہ یہ کس نوعیت کے تھے اور کن مقاصد کے لیے بھیجے گئے تھے اور کیا چین نے سفارتی سطح پر اس پر آواز اُٹھائی تھی۔
خیال رہے کہ چین کا یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے 4 فروری کو جنوبی کیرولائنا کے ساحل پر ایک چینی جاسوس غبارے کو مار گرایا اور کل اور آج کینیڈا کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے دو مشکوک شے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔