ممبئی: (دنیا نیوز) بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا بی بی سی کا جرم بن گیا، مودی کو خوش کرنے کیلئے انکم ٹیکس حکام اور پولیس نے دہلی اور ممبئی میں برطانوی نشریاتی ادارے کے دفاتر پر دھاوا بول دیا۔
دستاویزی فلم میں مودی کو بھارتی گجرات میں قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرانے پر مودی سرکار آپے سے باہر ہو گئی، انتقام کی آگ میں جلتی مودی حکومت آزادی اظہار رائے کی اہمیت بھی بھول گئی۔
دہلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفاتر پر دھاوے کے دوران پولیس نے دفتر میں موجود صحافیوں سے اُن کے فون، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات قبضے میں لے لیں۔
بھارتی حکمران جماعت کے ترجمان نے بی بی سی کو کرپٹ ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی بی سی اور کانگریس کا ایجنڈا ایک ہی ہے۔
دوسری طرف اپوزیشن جماعت کانگریس نے بی بی سی دفاتر پر چھاپوں کی مذمت کی اور کہا کہ دستاویزی فلم کے معاملے پر بی بی سی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دفاتر پر چھاپے کے ردعمل میں بی بی سی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھارتی انکم ٹیکس حکام کیساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے، امید ہے کہ یہ صورتحال جلد حل ہو جائے گی۔