ترکیہ میں زلزلہ : اقوام متحدہ کے ادارۂ اطفال کا متاثرہ بچوں کی مدد پر زور

Published On 26 February,2023 01:32 pm

جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال یعنی یونیسیف نے ترکیہ میں آنے والے زلزلوں سے متاثرہ بچوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگ بھگ 40 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپ اور وسطی ایشیا کے لیے یونیسیف کی علاقائی ڈائریکٹر افشاں خان نے ترکیہ میں آنے والے زلزلوں سے متاثرہ بچوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگ بھگ 40 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس تعداد میں سے ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ بچے شامی مہاجرین ہیں۔ جنوبی ترکیہ میں تقریباً 17 لاکھ شامی مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں ، وہاں 6 فروری کو 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بچے تعلیم کے حصول سے قاصر ہیں کیونکہ بہت سے تعلیمی ادارے تباہ ہو چکے ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے ، بچوں میں معمول کی زندگی کا احساس بحال کرنے کے لیے تعلیم اور معمولات زندگی میں مشغول رہنے کا عمل ضروری امر ہے۔