اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر تجارت سید نوید قمر نے واشنگٹن میں امریکہ کی تجارتی نمائندہ کے ساتھ ملاقات کی۔
ملاقات میں تجارت ، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل، ڈیجیٹل تجارت، منڈیوں تک رسائی میں اضافہ، حقوق ملکیت دانش سمیت ضابطہ جاتی امور اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے موضوع پر جامع مذاکرات کئے۔
— US-Pakistan Business (@_USPBC) February 24, 2023
وزیر تجارت پاک امریکہ تجارت و سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کونسل کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، وفد میں سیکرٹری تجارت محمدصالح فاروقی، سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹری اسدرحمان گیلانی اور وزارت تجارت و وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سینئرافسران شامل ہیں، مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت تجارتی نمائندہ سفیر کھیترین تائی نے کی۔
مذاکرت میں پاکستانی وفد نے امریکی منڈیوں تک پاکستانی آم اور کھجوروں کی رسائی میں اضافہ، پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کے فروغ، پاکستان کے زرعی شعبہ باالخصوص ہائبرڈ اورماحولیاتی لحاظ سے موزوں زراعت و کاشتکاری میں امریکی سرمایہ کاری اور امریکہ کی جانب سے پاکستان کی آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی صنعت میں معاونت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی معیشت دباؤ کا شکار، آئی ایم ایف معاہدے سے بہتری کا امکان ہے، نوید قمر
فریقین نے جاری سال کے دوران فالواپ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا تا کہ تمام ایشوز پر ہدف کے مطابق نتائج کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے، مذاکرات میں پاک امریکا تجارت و سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کونسل کا اگلا وزارتی اجلاس آئندہ سال کے اوائل میں اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی گئی۔
واضح رہے کہ آخری ٹی آئی ایف اے کونسل کا اجلاس 2016 میں ہوا تھا اور 7 سال کے بعد اس اجلاس کے انعقاد سے مضبوط دو طرفہ روابط کے عمل کو مہمیز ملی ہے، کونسل کا وزارتی اجلاس تجارت اورسرمایہ کاری کے حوالہ سے دوطرفہ باہمی تفہیم اور عزم کی عکاسی کر رہا ہے۔