ریاض: (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی جانب سے یوکرین کو انسانی بنیادوں پر 40 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی ۔
سعودی میڈیاکے مطابق سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یوکرین کے شہر کیف کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ، شہزادہ فیصل بن فرحان نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ نے یوکرین کے صدر ولادی میر زلینسکی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی ، ملاقات میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امورکے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ان سفارتی کوششوں کا مقصد یوکرین کے بحران کوپُرامن طریقے سے حل کرنے کے ساتھ ساتھ یوکرین اور اس کے عوام کوجنگ کے سماجی اور معاشی منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے مدد فراہم کرنا ہے ۔