نیویارک : ( ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یوکرین جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف مذمتی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔
جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 141 ممالک کی جانب سے ووٹ دیا گیا جبکہ روس سمیت سات ممالک نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا اور 32 ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا، قرار داد میں یوکرین سے روسی فوجیوں کے انخلاء اور جنگ کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قرارداد میں یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی توثیق کی گئی جبکہ روس کی جانب سے یوکرینی علاقوں پر قبضے کے دعوؤں کو مکمل طور پر مسترد کیا گیا۔
اقوام متحدہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ روسی فیڈریشن فوری مکمل اور غیر مشروط طور پر اپنی تمام افواج کو یوکرین کی سرزمین سے اپنی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر واپس بلا لے۔
یہ اقدام قانونی طور پر پابند نہیں ہے لیکن سیاسی وزن رکھتا ہے۔
چین، بھارت، ایران اور جنوبی افریقہ ان 32 ممالک میں شامل تھے جنہوں نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا جبکہ جن سات ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا ان میں روس، بیلاروس، شمالی کوریا، اریٹیریا، مالی، نکاراگوا اور شام شامل ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے کہا کہ ووٹ نے یہ واضح کر دیا ہے کہ روس کو اپنی غیر قانونی جارحیت کو ختم کرنا چاہیے اور یوکرین کی علاقائی سالمیت کو بحال کیا جانا چاہیے۔