ایتھنز : ( ویب ڈیسک ) شمالی یونان میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ہلاکتیں 36 ہوگئیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے شہر لاریسا کے قریب مسافر اور مال بردار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی ،خوفناک حادثے میں اب تک 36 افراد ہلاک اور کم از کم 85 زخمی ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں حادثے کے نتیجے میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی ہسپتال منتقلی کے لئے بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
تھیسالی کے گورنر اگوراسٹر نے میڈیا کو بتایا کہ ایک مسافر ٹرین جو ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جا رہی تھی اور تھیسالونیکی سے لاریسا جانے والی کارگو ٹرین کا آپس میں ٹکراؤ ہوا، یہ تصادم بہت زوردار تھا، حادثے میں ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جبکہ پہلی دو تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
گورنر نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 40 مسافروں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے جبکہ 250 افراد کو بحفاظت نکال کر بسوں میں تھیسالونیکی منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب مقامی نیوز سائٹس پر زیر گردش فوٹیج میں پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے خوفناک شعلے اور دھویں کے گہرے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
JUST IN: Cargo train and passenger train collide in Central Greece, several dead multiple injured.. pic.twitter.com/TG9nVmsSmE
— Chuck Callesto (@ChuckCallesto) February 28, 2023