طالبان نے سفارتی مشنز اور مساجد حملوں میں ملوث داعش کا اہم کمانڈر ہلاک کردیا

Published On 01 March,2023 11:54 am

کابل : (ویب ڈیسک ) طالبان نے کابل میں سفارتی مشنز اور مساجد پر حملے کرنے والے داعش کے اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکیورٹی فورسز نے داعش کے خلاف آپریشن کیا ، کارروائی میں داعش کا علاقائی  انٹیلی جنس اور آپریشنز چیف  قاری فاتح ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں بتایا کہ قاری فاتح کابل میں سفارتی مشنز اور مساجد پرہوئے حملوں کا ماسٹرمائنڈ بھی تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کے ایک اور آپریشن میں برصغیر پاک وہند میں داعش گروپ کا سرغنہ اعجاز امین آہنگر بھی دو دیگر دہشت گردوں کے ساتھ مارا گیا۔

گزشتہ سال جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک رپورٹ میں فاتح کو داعش کا ایک اہم رہنما قرار دیا گیا تھا جس پر بھارت، ایران اور وسطی ایشیا میں فوجی کارروائیوں کا الزام عائد کیا گیا۔

داعش غیر ملکیوں، مذہبی اقلیتوں اور سرکاری اداروں پر حملے کرتے ہوئے طالبان کی حکمرانی کے لیے سب سے بڑا سیکورٹی چیلنج بن کر سامنے آئی ہے ، داعش نے دسمبر میں کابل کے ایک ہوٹل پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں پانچ چینی شہری زخمی ہوئے تھے جبکہ دسمبر میں بھی اس گروپ نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ کیا تھا۔