بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) بیلاروس نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لئے چین کے امن منصوبے کی حمایت کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے بیجنگ میں چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی اور کہا کہ ان کا ملک یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے بیجنگ کے منصوبے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے قریبی اتحادی ہیں۔
چین نے قومی خودمختاری کے احترام پر زور دیتے ہوئے گزشتہ ہفتے امن مذاکرات کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جسے مغرب میں عدم اعتماد کا سامنا ہے۔
بیلاروس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بیلٹا نے رپورٹ کیا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ملاقات کے دوران یوکرین تنازع کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا اور یوکرین میں جلد سے جلد امن کے قیام میں انتہائی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
لوکاشینکو کے ساتھ ملاقات کے دوران چینی صدر نے سرد جنگ کی ذہنیت کو ترک کرنے پر زور دیا اور کہا کہ تمام ممالک کو عالمی معیشت کی سیاست کرنا بند کر دینی چاہیے اور ایسے کام کریں جو جنگ بندی، جنگ کے خاتمے اور پرامن حل میں مدد کریں۔