بیجنگ : (بیجنگ ) چین نے رواں سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف تقریباً 5 فیصد مقرر کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے معاشی ترقی کا مقررہ 5 فیصد ہدف گزشتہ دہائیوں کا کم ترین ہدف ہے۔
چینی وزیرِ اعظم نے سالانہ نیشنل پیپلز کانگریس سے خطاب میں اقتصادی ترقی کے ہدف کا اعلان کیا ، چینی میڈ یا کے مطابق لی کی چیانگ نے حکومتی ورک رپورٹ میں نشاندہی کی کہ 2022 پارٹی اور ملک کی تاریخ میں ایک انتہائی اہم سال تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کا اس سال ’تقریباً 12 ملین نئی ملازمتیں‘ پیدا کر کے شہری بے روزگاری کی شرح کو 5.5 فیصد تک لے جانے کا ارادہ ہے ۔
چین نے دفاعی بجٹ 7.2 فی صد بڑھانے کا اعلان کیا ہے جو 225 ارب ڈالرز بنتا ہے، ملک میں افراط زر کی شرح یا کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) میں اضافے کا ہدف 03 فیصد مقرر کیاگیا ہے ۔
حکومتی رپورٹ کے مطابق 2023 میں چین نے اپنی اناج کی پیداوار کو 650 ملین ٹن سے زیادہ رکھنے کا ہدف طے کیا ہے۔
چین کا مقصد اس سال اناج کی پیداوار کو مستحکم کرنا اور دیہی علاقوں کی بحالی کو آگے بڑھانا ہے، ملک اناج کے کل رقبے کو مستحکم سطح پر رکھنے اور اناج کی پیداواری صلاحیت کو 50 ملین ٹن تک بڑھانے کے لئے ایک نئی مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک میں بیج کی صنعت کو تقویت دی جائے گی اور زرعی سائنس، ٹیکنالوجی اور آلات کی ترقی میں حمایت فراہم کی جائے گی ، اس دوران دیہی صنعتوں کو مقامی خصوصیات کے ساتھ فروغ دیا جائے گا تاکہ دیہی آمدنی میں اضافے کے لئے مزید چینل تعمیر کیے جا سکیں ۔