نیویارک : (ویب ڈیسک ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر اور معروف شخصیات کے خطوط کو کتابی صورت میں شائع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ اور ان کے پبلشر نے جمعرات کو اعلان کیا کہ رچرڈ نکسن،شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن سمیت کئی مشہور شخصیات کے 150 سے زائد خطوط کو ایک کتاب کی شکل میں شائع کیا جائے گا۔
اس کتاب کو "Letters to Trump" کا نام دیا گیا ہے ،جس میں ٹرمپ اور غیر ملکی رہنماؤں، میڈیا شخصیات، کھلاڑیوں اور صنعت کاروں کے درمیان ہونے والی نجی خط وکتابت شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق کتاب میں سابق امریکی صدور جارج ایچ ڈبلیو بش، بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور بارک اوباما کے ساتھ ساتھ معروف گلوکار مائیکل جیکسن، ملکہ برطانیہ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے خطوط بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ٹرمپ کی پبلشنگ ٹیم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سیاست میں آنے سے قبل ٹرمپ نے ایک غیر معمولی زندگی گزاری ہے اور کسی کتاب نے اسے اُجاگر نہیں کیا تاہم اب ہم نے ان تجربات کو اپنے قارئین کے ساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر ہم کافی خوش ہیں ۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ نے جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اس کتاب میں انہیں موصول ہوئے کئی ناقابل یقین خطوط بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اگلے ماہ شائع ہونے والی اس کتاب میں ٹرمپ اور دنیا کی مشہور شخصیات کی چار دہائیوں کی خط و کتابت کا احاطہ کیا گیا ہے جس میں کئی انکشافات بھی شامل ہیں، 320 صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت 99 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ 25 اپریل کو منظر عام پر آئے گی۔