لاہور : ( ویب ڈیسک ) ایران اور سعودی عرب نے سات سال کی کشیدگی کے بعد سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے جس سے مشرق وسطیٰ میں استحکام اور سلامتی کو لاحق خطرات ٹل گئے ہیں۔
چین کی میزبانی میں کئی دنوں کے مذاکرات کے بعد دونوں علاقائی طاقتوں نے سفارتی تعلقات بحال کرنے اور دو ماہ کے اندر اپنے سفارت خانے کھولنے پر اتفاق کیا ہے ، اس حوالے سے دونوں ممالک کی جانب سے جاری کردہ بیانات پر دنیا کے مختلف ممالک کا مثبت رد عمل سامنے آیا ہے اور تمام ممالک نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
چین
چینی وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ وانگ ژی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی موجودہ ہنگامہ خیز دنیا میں بڑی خوشخبری اور امن کی فتح ہے، وانگ ژی نے کہا کہ چین عالمی ہاٹ سپاٹ میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور ایک سرکردہ قوم کے طور پر اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا۔
امریکا
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے واشنگٹن کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے اپنی بات چیت سے آگاہ کیا لیکن امریکا براہ راست اس میں شامل نہیں تھا۔
عراق
عراق جس نے 2021 سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحتی مذاکرات کے کئی دور کی میزبانی کی ، نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا اور عراقی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نیا باب کھل گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات کے سفارتی مشیر انور گرگاش نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کیا اور اس کی کامیابی میں چین کے کردار کو سراہا، انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ متحدہ عرب امارات اچھی ہمسائیگی کے تصورات کو مستحکم کرنے اور سب کے لیے زیادہ مستحکم مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ بنیاد سے آغاز کرنے کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان مثبت رابطے اور مکالمے کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے۔
نرحب بالاتفاق بين السعودية وإيران على استئناف العلاقات الدبلوماسية بين البلدين، ونثمن الدور الصيني في هذا الشأن. الإمارات مؤمنة بأهمية التواصل الإيجابي والحوار بين دول المنطقة نحو ترسيخ مفاهيم حسن الجوار والانطلاق من أرضية مشتركة لبناء مستقبل أكثر استقراراً للجميع.
— د. أنور قرقاش (@AnwarGargash) March 10, 2023
یمن کے حوثی باغی
یمن کی ایران سے منسلک حوثی تحریک کے چیف محمد عبدالسلام نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی ضرورت ہے، خطے کو اسلامی قوم کے لیے اپنے ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی مداخلت کے نتیجے میں اپنی کھوئی ہوئی سلامتی کو دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔
عمان
عمان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ عمان نے ریاض اور تہران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق مشترکہ اعلامیہ کا خیرمقدم کیا ہے، عمانی وزیر خارجہ بدر البوسیدی نے کہا کہ یہ سب کی جیت ہے اور اس سے علاقائی اور عالمی سلامتی کو فائدہ ہوگا۔
We warmly welcome the resumption of diplomatic relations between #SaudiArabia and #Iran. This is a win-win for everyone and will benefit regional and global security. We hope in the longer term there’s also potential for increasing economic benefits for all.
— Badr Albusaidi - بدر البوسعيدي (@badralbusaidi) March 10, 2023
قطر
قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی جو وزیر خارجہ کا عہدہ بھی رکھتے ہیں نے ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کو فون کر کے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔
حزب اللہ
لبنان کے طاقتور مسلح گروپ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا کہ اس کے حمایتی ایران اور دیرینہ حریف سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی ایک اچھی پیش رفت ہے۔
مصر
مصر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ قاہرہ کو امید ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
— Egypt MFA Spokesperson (@MfaEgypt) March 10, 2023
بحرین
بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترکیہ
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ فون کال میں معاہدے کا خیرمقدم کیا۔