بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے کورونا وائرس کے آغاز سے بند اپنی سرحدیں غیر ملکی سیاحوں کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین نے کورونا وائرس کے بعد تین سال سے ملک میں غیرملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی عائد کررکھی تھی جسے اب اٹھاتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کے لیے ویزے بحال کردیے ہیں۔
چینی حکومت نے 20 مارچ 2020 سے غیر ملکی سیاحوں کو ویزے جاری کرنا بند کردیے تھے جس سے چین کی معیشت کو خاطر خواہ نقصان پہنچا تاہم اب چینی حکومت نے 28 مارچ سے سیاحوں کے لیے ویزوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کروز شپ کے ذریعے شنگھائی اور ہینان جزیرے سے آنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ ہانگ کانگ اور مکاؤ سے آنے والے سیاح بھی ویزا فری انٹری کے اہل ہوں گے۔