بیجنگ: (ویب ڈیسک)چین نے امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے آبدوز معاہدے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس سیکیورٹی ڈیل کو سرد جنگ کی ذہنیت کا شاخسانہ قرار دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے تین مغربی اتحادیوں پر ہتھیاروں کی دوڑ کو بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جوہری پھیلاؤ کے خطرے والے راستے پر نہ چلیں۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے کہا کہ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کا معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ تینوں ممالک اپنے اپنے جغرافیائی سیاسی مفادات کی خاطر، عالمی برادریوں کے تحفظات کو مکمل طور پر نظرانداز کر رہے ہیں۔
وانگ وینبن نے کہا ہے مغربی ممالک کا یہ معاہدہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے مقاصد کی خلاف ورزی ہے جس سے خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہوجائے گی۔