اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، مزید 4 فلسطینی شہید، 20 زخمی

Published On 17 March,2023 06:03 am

بیت المقدس : ( ویب ڈیسک ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں ظالم اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں ایک خفیہ چھاپے کے دوران اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید جبکہ 20 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے ، شہید ہونے والوں میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 29 سالہ یوسف شریم، 28 سالہ ندل خزیم اور 16 سالہ عمر عوادین شامل ہیں جبکہ چوتھے شخص کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 80 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 2022 میں اسرائیلی حملوں میں 170 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے چار فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل اسرائیلی جارحانہ اقدامات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اسرائیل صورتحال کو پرسکون کرنے میں بالکل بھی دلچسپی نہیں رکھتا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کی حالیہ دہشتگردانہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل، فلسطینی اتھارٹی، مصر، اردن اور امریکا کے حکام مصر میں رمضان المبارک سے قبل کشیدگی کو کم کرنے کے مقصد سے مذاکرات کرنے والے ہیں۔

Advertisement