مڈغاسکر : (ویب ڈیسک ) ایک ماہ میں دوسری بار جنوبی افریقہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ’ فریڈی ‘ نے ملاوی اور موزمبیق کے علاقوں میں بڑی تباہی مچا دی ، طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ممالک ملاوی اور موزمبیق میں سمندری طوفان فریڈی سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان فریڈی ہفتے کو پہلے موزمبیق اس کے بعد ملاوی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا، طوفانی ہواؤں سے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں، درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے اور موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے، متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام بھی متاثر ہوا ہے ۔
ملاوی حکام کے مطابق ملاوی میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 326 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 700 افراد زخمی ہیں، موزمبیق میں ہلاکتوں کی تعداد53 ہے جبکہ مڈغاسکر میں 27 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
متاثرہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق ’ فریڈی ‘ جنوبی نصف کرہ میں ریکارڈ کیے گئے سب سے مضبوط طوفانوں میں سے ایک ہے۔