جدہ: (ویب ڈیسک) شامی وزیرخارجہ فیصل المقداد سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے ، شام میں 2011ء میں خانہ جنگی کے بعد ان کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے انھیں اس دورےکی دعوت دی تھی، سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ ولید بن عبدالکریم الخریجی نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایئرپورٹ پر شامی وزیر خارجہ ڈاکٹر فیصل المقداد کا پُرتپاک استقبال کیا۔
وہ سعودی ہم منصب سے شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کی کوششوں پر بات چیت کریں گے تاکہ شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوسکے اور شام میں متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کو یقینی بنایا جاسکے،اس کے علاوہ وہ شام کی عرب لیگ میں واپسی سے متعلق امور پربات چیت کریں گے۔