نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں مقدس ترین مہینے رمضان المبارک میں بھی مودی سرکار اسلام دشمنی سے باز نہ آئی، حکومتی سرپرستی میں انتہا پسند ہندو جماعت کے غنڈے مساجد اور تراویح کے اجتماعات پر حملے کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتراکھنڈ کے شہر ہلداوانی میں انتہا پسند ہندو جماعت بجرنگ دل کےغنڈوں نے ایک مسجد پر حملہ کردیا اورنماز تراویح رکوادی، مسلم آبادی نے اس غنڈہ گردی کے خلاف پُرامن احتجاج بھی کیا۔
بجرنگ دل کے غنڈوں کے مسجد پر حملے کے وقت تو پولیس غائب رہی لیکن جیسے ہی مسلمانوں نے اپنے بنیادی حق مذہبی آزادی کی پامالی پر احتجاج کیا تو پولیس مظاہرین پر چڑھ دوڑی۔
مودی سرکار کی پولیس نے بجرنگ دل کے دہشت گردوں کو پکڑنے کے بجائے مجسٹریٹ کے حکم پر الٹا مسجد کے ایک حصے کو ہی سِیل کردیا، جس پر مسلم آبادی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
اس سے قبل مراد آباد میں بھی مسلمانوں کو تراویح سے روک دیا گیا تھا، نویڈہ میں بھی تراویح اور نماز عشاء سے روک دیا گیا تھا جب کہ جھاڑ کھنڈ ہزاروی باغ کی جامعہ مسجد پر حملہ کرکے نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔