بھارت : کرناٹک ریاستی انتخابات میں مودی سرکار کو بڑا دھچکا ، کانگریس کوبرتری

Published On 13 May,2023 03:16 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست کرناٹک میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں کانگریس نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دے کر مودی حکومت کو بڑا دھچکا دے ڈالا ۔

بھارت کی ریاست کرناٹک کے ریاستی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے شکست تسلیم کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاسی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق نریندر مودی کی جماعت کو شکست ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابات میں کانگریس کو واضح برتری حاصل ہے ، کرناٹک کے ریاستی انتخابات میں اب تک کانگریس نے 129 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ بی جے پی 68 نشستیں حاصل کرسکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کرناٹک اسمبلی کی 224 نشستوں کے لیے 10مئی کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔

سیاسی تجزیہ کاروں نے اس شکست کو مودی سرکار کے لیے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی بھارت کی ریاست کرناٹک میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے اور کرناٹک کے بارے میں کہا جاتا ہےکہ یہاں کے ریاستی انتخابات بھارت میں پارلیمانی انتخابات کا رجحان طے کرتے ہیں۔