شہزادہ ہیری اور میگھن کا خوفناک کار تعاقب، خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئے

Published On 18 May,2023 10:42 am

نیویارک : (دنیانیوز) نیویارک شہر میں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی کار کا فوٹوگرافرز کی جانب سے مسلسل تعاقب کیا گیا ، اس دوران وہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئے ۔

برطانوی شہزادے ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور ان کی والدہ کی کار کا خوف ناک طریقے سے تعاقب کیا گیا ہے، اس واقعہ میں پاپارازی فوٹوگرافر ملوث بتائے گئے ہیں جو دوگھنٹے تک شہزادہ ہیری کی کارکا پیچھا کرتے رہے تھے۔

اس دوران میں سڑک پر سفرکرنے والے دیگر ڈرائیوروں، پیدل چلنے والوں اور نیویارک کے محکمہ پولیس (نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ) کے دو افسروں کی گاڑیوں کے درمیان متعدد مرتبہ تصادم ہوتے ہوتے بچا تھا۔

یہ واقعہ نیویارک میں پیش آیا ہے جہاں اس جوڑے نے مس فاؤنڈیشن برائے خواتین کے زیراہتمام منعقدہ اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی تھی، اس میں میگھن کو ان کے کام  پراعزاز سے نوازا گیا تھا۔

نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ (این وائے پی ڈی) کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی تاحال اس حوالے سے گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہیری اور میگھن اس وقت ایک دوست کے گھر پر مقیم ہیں اور انہوں نے فوری طور پر واپس جانے کا ارادہ سکیورٹی خدشات کے باعث ترک کردیا ہے۔

دوسری جانب فوٹوگرافرز کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل جیسی نامور شخصیات کی تصاویر لینا ان کی ’پیشہ ورانہ ذمہ داری‘ ہے، انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں پر گاڑیاں نہیں چڑھائی گئیں، گاڑیاں ایک دوسرے سے نہیں ٹکرائی۔

دوسری جانب بکنگھم پیلس کی جانب سے واقعے پر کوئی بیان نہیں دیا گیا۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن 2020 میں اپنے شاہی کردار سے دستبردار ہوگئے تھے اورمیڈیا کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے امریکا منتقل ہو گئے تھے۔

شہزادہ ہیری طویل عرصے سے پریس کی اپنے ذاتی امورمیں مداخلت کے بارے میں غم وغصے کااظہارکررہے ہیں ، وہ اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی موت کا ذمہ دار بھی پریس ہی کوقرار دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری کی والدہ شہزادی ڈیانا سال 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں اس وقت ہلاک ہوئی تھیں جب فوٹوگرافرز ان کا پیچھا کر رہے تھے۔

 

Advertisement