لبنان: فلسطین نواز عسکری گروپ کے کیمپ میں دھماکہ، 5 اہلکارجاں بحق

Published On 31 May,2023 11:00 pm

بیروت: (ویب ڈیسک) مشرقی لبنان میں فلسطین نواز عسکری گروپ کے کیمپ میں دھماکہ سے 5 اہلکارجاں بحق ہوگئے۔

لبنان کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق شام اور فلسطین نواز عسکری گروپ کے پانچ جنگجو بدھ کے روز ہونے والے ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے، یہ حادثاتی دھماکہ مشرقی لبنان میں تنظیم کی ٹھکانے میں ہوا۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی جنرل کمان کے ترجمان نے الزام عاید کیا ہے کہ یہ دھماکہ حادثہ نہیں بلکہ شامی سرحد کے قریب قصيہ کے علاقے میں گزشتہ شب چھاپہ مار کارروائی کے دوران کی جانے والی کارروائی کا نتیجہ تھا جبکہ اسرائیل نے اس چھاپے میں اپنی شرکت سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

سکیورٹی ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’اسلحہ ڈپو میں ایک پرانا راکٹ پھٹنے سے مزاحمت کاروں کے ٹھکانے میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

شام میں موجود تنظیم کے بشار الاسد حکومت اور ان کے لبنانی اتحادی حزب اللہ سے قریبی روابط ہیں، تنظیم کی لبنان کے علاقے وادی بعقہ میں ٹھکانے بھی موجود ہیں، جنرل کمان پاپولر فرنٹ برائے آزادی فلسطین کے ترجمان انور راجہ نے بتایا کہ ٹھکانے پر اسرائیل نے کل رات حملہ کیا تھا۔