کیف : (ویب ڈیسک ) یوکرین نے روس کے سرحدی شہر بیلگوروڈ پر میزائل حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین روسی شہری زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین نے شہر بلیگوروڈ کے مرکز اور مضافات میں میزائل داغے ہیں ، حملے میں روسی انتظامی اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کریملن مخالف گروپ نے روسی فوجی ساز و سامان کو تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کرکے روسی سرزمین پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کریملن مخالف گروپ نے جمعرات کے روز ڈرون فوٹیج بھی جاری کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ روس کے بیلگوروڈ علاقے میں روسی فوجی سازو سامان کو تباہ کیا گیا۔
دوسری طرف روس نے مشرقی یوکرین اور دارالحکومت کیف پر میزائل داغ دیئے، حملے میں تین افراد ہلاک اور 16زخمی ہوگئے، حملے میں کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں :روس یوکرین جنگ : روسی دارالحکومت ماسکو پر پہلی بار ڈرون حملہ
یوکرینی حکام کے مطابق روسی افواج نے ڈیسیانسکی اور دنیپرو وکسکی کے علاقوں میں کارروائی کی، کیف اور مشرقی یوکرین کے بیشتر علاقوں میں کئی گھنٹے تک فضائی بمباری جاری رہی، روسی افواج نے دراندازی پر تیس یوکرینی جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل یوکرین کی جانب سے پہلی مرتبہ روسی دارالحکومت ماسکو پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا ، حملے میں 8 ڈرونز داغے گئے اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا لیکن روس کی جانب سے حملہ ناکام بنا دیا گیا ۔
یادر رہے کہ روس اور یوکرین جنگ ایک سال سے جاری ہے، گزشتہ ماہ روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر اٹھارہ حملے کیے تھے۔