بپر جوئے سے بھارت میں بھی تباہی کا خدشہ، الرٹ جاری، پروازیں منسوخ

Published On 12 June,2023 12:57 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان بپر جوئے نے بھارت کا بھی رخ کر لیا، گجرات، مہاراشٹر اور گوا سمیت ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں بھی طوفان بپر جوئے کے سبب تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور سمندر میں لہریں بلند ہیں جبکہ بپر جوئے کے زیر اثر گجرات کے اضلاع میں 13 سے 15 جون تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گجرات کے اضلاع میں 13 سے 15 جون تک 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے کچ اور سوراشٹرا کیلئے الرٹ جاری کر دیا۔

ممبئی میں طوفان کے زیر اثر ہواؤں کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ کر کے رن ویز بند کر دیئے گئے ہیں اور شہر میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو 12 سے 15 جون تک سمندر نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔