الریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب ریاستوں کی خودمختاری، آزادی اور خطے میں تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریاض میں عرب ملکوں اور بحرالکاہل جزائر گروپ کے درمیان مشترکہ وزارتی اجلاس کے دوران کہا کہ سعودی عرب مشترکہ اور انتہائی ضروری عالمی چیلنجز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، ان چیلنجز میں فوڈ سیفٹی، سپلائی چین میں رکاوٹوں، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے معاملات شامل ہیں۔
سعودی وزیر نے اس اجلاس کو عرب ملکوں اور بحرالکاہل کے جزیروں کے ملکوں کے درمیان سیاسی اور اقتصادی شراکت داری پر تبادلہ خیال کرنے اور مسائل اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک "مثالی موقع" قرار دیا۔
شہزادہ فیصل نے مزید بتایا کہ سعودی عرب موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کے اہداف کے حصول کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب نے موسمیاتی میدان میں خطے اور دنیا کے لیے دلچسپی کے متعدد اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔