اماراتی وزیر کی یوکرینی صدر سے ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

Published On 12 June,2023 10:46 pm

کیف: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کی وزیر مریم بنت محمد المہیری نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کی۔

دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اس بات چیت کا مقصد یوکرینی بحران اور اس کے بچوں پر مرتب ہونے والےاثرات کے تدارک کے لیے یوکرین کی مدد کرنا ہے۔

اماراتی عہدیدار اور یوکرینی صدر کے درمیان بات چیت ’یو اےای‘ کی انسانی امداد کے فریم ورک کا حصہ ہے جس کا مقصد یوکرین کے لوگوں کی انسانی مشکلات کو کم کرنا ہے۔

صدر زیلنسکی نے یوکرینی عوام کی مسلسل انسانی امداد پر ’یو اے ای‘ کا شکریہ ادا کیا اور اماراتی قیادت کی خدمات کو سراہا، انہوں نے امارات کے صدر الشیخ محمد بن زاید آل نہیان کی یوکرین میں امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔