ڈونلڈ ٹرمپ کا خفیہ دستاویزات کیس میں صحت جرم سے انکار

Published On 14 June,2023 05:02 am

میامی : ( دنیا نیوز ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال کے الزام میں مختصر گرفتاری کے بعد رہا کر دیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو میامی میں فیڈرل کورٹ ہاؤس میں خفیہ دستاویزات کیس میں پیشی کے موقع پر حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے فنگر پرنٹس لیے گئے جبکہ اس موقع پر انکے مشیر اور قریبی ساتھی والٹ نوٹا کو بھی حراست میں لیا گیا۔

نوٹا پر ٹرمپ کو دستاویزات چھپانے میں مدد کرنے کے حوالے سے 6 الزامات عائد کیے گئے ، ان پر تفتیش کاروں کو غلط معلومات دینے کا بھی الزام ہے۔

عدالت جانے سے قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ آج ہمارے ملک کی تاریخ کا المناک دن ہے، ہماری قوم تنزلی کی طرف سفر کر رہی ہے جبکہ ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کی تاریخ میں اہم موڑ ہے۔

سابق صدر کی عدالت میں پیشی کے وقت انکے حامیوں کی خاصی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے ہاتھوں میں امریکی جھنڈے اور انکی حمایت میں پمفلٹ اٹھا رکھے تھے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ٹرمپ کی میامی عدالت میں پیشی کے موقع سکیورٹی کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں رہی۔

عدالت میں سماعت کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ان مجرمانہ الزامات سے انکار کیا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویزات اپنے پاس رکھی تھیں اور اس تاریخی مقدمے میں اپنے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔

کمرہ عدالت میں ٹرمپ کے وکیل نے ان کے خلاف 37 الزامات میں قصوروار نہ ہونے کی درخواست داخل کی۔

47 منٹ کی عدالتی کارروائی کے بعد سابق صدر کو بغیر شرائط یا سفری پابندیوں کے عدالت سے جانے کی اجازت دی گئی تاہم مجسٹریٹ نے فیصلہ دیا کہ انہیں کیس میں ممکنہ گواہوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹرمپ نے بارہا اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ہے اور ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر انہیں نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے، انہوں نے گزشتہ روز خصوصی وکیل جیک سمتھ کو جو سرکردہ تفتیش کار ہیں انہیں سوشل میڈیا پر ’ ٹرمپ سے نفرت کرنے والا ‘ بھی قرار دیا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے امریکی صدر ہیں جن پر وفاقی مجرمانہ فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مقدمے کی سماعت شروع ہونے میں ایک سال یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

عدالت سے رہائی کے بعد ٹرمپ واپس بیڈ منسٹر، نیو جرسی اپنے گالف کورس کیلئے روانہ ہوئے اور راستے میں انہوں نے میامی کی ورسائی کی مشہور کیوبا بیکری میں رک کر حامیوں سے ملاقات کی اور انکے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر سے دعویٰ کیا کہ انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔