قاہرہ : ( ویب ڈیسک ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے غیر معمولی دورے پر ملاقات کی ہے جس کے دوران دونوں فریقوں نے اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا عہد کیا۔
السیسی نے قاہرہ میں صدارتی محل میں مودی کا خیرمقدم کیا اور انہیں ملک کا سب سے بڑا اعزاز ’ آرڈر آف دی نیل ‘ سے نوازا۔
مصری صدر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مودی اور السیسی نے تعلقات کو تزویراتی شراکت داری کی طرف بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے جس کا اعلان انہوں نے جنوری میں پہلی بار اس وقت کیا تھا جب السیسی نے نئی دہلی کا دورہ کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے مصر میں دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک بھارت کی طرف سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
قاہرہ کے مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان پہلے ہی مصر کا ساتواں سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے جس کی تجارت گزشتہ سال 7 بلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔
دونوں فریقوں نے کہا کہ دو طرفہ بات چیت میں تجارت اور سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل سمیت شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔
مودی کے دفتر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے جی ٹی 20 میں مزید تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں خوراک اور توانائی کی عدم تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل ساؤتھ کے لیے مشترکہ آواز اٹھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔
مودی نے مصری رہنما کو 20 سرکردہ امیر اور ترقی پذیر ممالک کے گروپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس کی میزبانی ہندوستان ستمبر میں کرے گا۔
السیسی کے ساتھ اپنی بات چیت کے بعد مودی نے قاہرہ کی ایک تاریخی مسجد الحکیم کا دورہ کیا جس کی حال ہی میں بھارت میں مقیم داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی مدد سے تزئین و آرائش کی گئی تھی، انہوں نے بھارتی فوجیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو پہلی جنگ عظیم میں ہلاک ہوئے اور قاہرہ کے ہیلیوپولیس وار قبرستان میں دفن ہیں۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے زراعت، آثار قدیمہ، نوادرات اور مسابقتی قانون کے شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے۔
مودی نے نئی دہلی روانگی سے قبل جاری ایک بیان میں کہا کہ میرا مصر کا دورہ ایک تاریخی تھا، اس سے بھارت اور مصر کے تعلقات میں نئی قوت آئے گی اور دونوں ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
خیال رہے کہ نریندر مودی دو دہائیوں سے زائد عرصے میں مصر کا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں۔