بھارتی فوج نے کشمیری مسلمانوں کو تاریخی جامع مسجد میں نمازعید سے روک دیا

Published On 29 June,2023 02:44 pm

سری نگر : (ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مسلمانوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نمازعید کی ادائیگی سے روک دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے جامع مسجد کے مرکزی دروازے کو تالا لگا دیا ، سری نگر اور ضلع اسلام آباد کی عیدگاہ میں بھی نمازِ عید ادا نہیں کرنے دی گئی۔

علاوہ ازیں کشمیریوں کا احتجاج روکنے کے لیے کئی علاقوں میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور قابض انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پابندیاں بھی عائد کردی ہیں۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے جامع مسجد میں نمازِ عید ادا کرنے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازِ عید کی ادائیگی سے روکنا دینی امور میں صریح مداخلت ہے۔

خیال رہے کہ سری نگر میں قائم یہ تاریخی مسجد 14ویں صدی کا تعمیراتی معجزہ ہے جو کہ کشمیر میں سب سے بڑا مذہبی اور ثقافتی مرکز ہے۔

بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو جموں اور کشمیر کو آرٹیکل 370 کے تحت دی گئی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وہاں کی سب سے بڑی مسجد میں باجماعت نماز پر پابندی عائد کردی تھی۔