بیروت: (ویب ڈیسک) امریکہ نے لبنان کی حکومت اور فوج پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ اسرائیل کے سرحد پر واقع حزب اللہ کے ٹھکانوں کو ختم کردیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا کہ حزب اللہ نے کئی ہفتے قبل سرحد پر اسرائیل کی جانب ایک چوکی قائم کی تھی۔
ایک سینئر اسرائیلی اہلکار نے بتایا کہ حزب اللہ نے گزشتہ اپریل کی آٹھ تاریخ کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ بلیو لائن کے جنوب میں 30 میٹر کے فاصلے پر ایک ایسے علاقے میں ایک خیمہ لگایا جسے اقوام متحدہ "اسرائیلی علاقہ" سمجھتی ہے۔
امریکی اور اسرائیلی حکام نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے اہلکاروں نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس، لبنانی حکومت اور فوج پر حزب اللہ کی یہ چوکی خالی کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے لبنانی حزب اللہ کے ارکان کی جانب سے گزشتہ ماہ کی گئی مشقوں کے بعد مغربی ذرائع نے ’’ العربیہ‘‘ کو بتایا تھا کہ ملیشیا دہشت گردی اور عسکری مقاصد کے حصول کے لیے لبنانی فوج کے انٹیلی جنس انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ حزب اللہ نے لبنان کے سرکاری انٹیلی جنس اداروں میں اپنے ایجنٹوں کو بھرتی کر رکھا ہے۔