تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے تین ارب ڈالر میں امریکی فرم لاک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ جدید ایف 35 لڑاکا طیاروں کا تیسرا سکواڈرن خریدکرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیل مشرق اوسط کا واحد ملک ہے جس کے پاس ایف 35 لڑاکا طیارے ہیں، یہ دنیا کا جدید ترین لڑاکا طیارہ ہے جو سٹیلتھ صلاحیت کا حامل ہے اور اسے انٹیلی جنس اکٹھا کرنے، دشمن کے علاقے میں گہرائی تک حملہ کرنے اور فضائی لڑائی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق ان 25 ایف 35 طیاروں کی خریداری کے معاہدے پرجلد دست خط متوقع ہیں اور ان کی آمد سے اسرائیلی فضائیہ کے بیڑے میں شامل ایسے طیاروں کی تعداد بڑھ کر 75 ہو جائے گی۔
اس سودے کی مالی اعانت اسرائیل کومہیا کی جانے والی امریکا کی فوجی امداد سے کی جائے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نیا معاہدہ امریکی کمپنیوں اوراسرائیل کی دفاعی صنعتوں کے درمیان طیاروں کے پرزوں کی تیاری میں تعاون کے تسلسل کو یقینی بنائے گا۔