جوہانسبرگ : ( ویب ڈیسک ) جنوبی افریقہ میں مشتبہ نائٹریٹ آکسائیڈ گیس کے اخراج سے 16 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جوہانسبرگ کے مشرقی علاقے بوکسبرگ کی ایک بستی میں گیس کے اخراج کی وجہ سے 16 افراد دم توڑ گئے جن میں خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے کسی کی لاش کو ہسپتال نہیں لے جایا گیا تاہم امدادی ٹیمیں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور خدشہ ہے کہ علاقے سے مزید لوگوں کی لاشیں مل سکتی ہیں۔
ایمرجنسی سروسز کے ترجمان ولیم نٹلاڈی نے کہا کہ ہلاکتیں ایک جھونپڑی میں رکھے گئے سلنڈر سے گیس لیک ہونے کی وجہ سے ہوئیں، سلنڈر غیر قانونی کان کنوں کی طرف سے جھونپڑی کے اندر سونے کی پروسیسنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 1، 6 اور 15 سال تھیں جبکہ 2 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ جوہانسبرگ کے آس پاس سونے سے مالا مال علاقوں میں غیر قانونی کان کنی عروج پر ہے جہاں کان کن بچ جانے والے ذخائر کو تلاش کرنے کے لیے بند اور غیر استعمال شدہ کانوں میں چلے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ سانحہ کرسمس پر گیس ٹینکر کے دھماکے کے 6 ماہ بعد ہوا جس میں اسی قصبے میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔