استنبول : (ویب ڈیسک ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ترکیہ کم از کم اکتوبر سے پہلے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں سویڈن کی رکنیت کی توثیق نہیں کر سکے گا کیونکہ اس سے پہلے پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں ہو گا۔
ترک صدر نے کہا کہ ہمارے پاس دو ماہ کی پارلیمانی چھٹی ہے، اکتوبر میں ارکان پارلیمنٹ کے واپس آنے کے بعد بہت سی (دیگر) قانون سازی کی تجاویز پر بحث کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے بین الاقوامی معاہدے اور بہت سی قانون سازی کی تجاویز ہیں جن پر بات کرنے کی ضرورت ہے، ہم ان سب تجاویز پر ان کی اہمیت کے مطابق غور کریں گے، لیکن ہمارا مقصد اس عمل کو جلد از جلد مکمل کرنا ہے۔
اردگان نے مزید کہا کہ جب پارلیمنٹ اپنا اجلاس دوبارہ شروع کرے گی ، مجھے لگتا ہے کہ سپیکر اس مسئلے کو ترجیح دینے پر راضی ہو جائے گا، بعض مغربی رہنماؤں نے امید ظاہر کی تھی کہ ترکیہ آنے والے ہفتوں میں توثیق کا عمل مکمل کر لے گا۔
واضح رہے ترکیہ کے صدر نے ایک سال بعد سویڈن کو امریکہ کی قیادت میں فوجی اتحاد میں شامل ہونے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا تھا۔