اٹلی : (دنیانیوز) یورپ کے شہری گرمی سے بلبلا اٹھے ، اینٹی سائیکلون سسٹم سربیرس کے اثرات نے یورپ کے شہریوں کو بے حال کردیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سربیرس سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر دیکھنے میں آئی جس نے سیاحوں کو پریشان کردیا ، گرمی سے پریشان سیاحوں نے سوئمنگ پولز اور سایہ دار جگہوں کا رخ کرلیا۔
اٹلی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں کام کرنے والا شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ اٹلی کے 8 بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اٹلی کے دو سب سے بڑے جزیروں سسلی اور سارڈینیا میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جبکہ قبرص میں 41،کروشیا میں 39 اور فرانس میں 34 ڈگری تک رہنے کاامکان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق بحیرہ روم میں ہیٹ ویو 2 ہفتے تک رہنے کا امکان ہے ، دوسری جانب امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی، کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ میں بارشوں سے نظام زندگی شدید متاثر ہے جس کے بعد ورمونٹ میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ماہرین کا کہناہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم موسم شدید بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔