جنوبی افریقہ: سڑک کے بیچ پراسرار دھماکے سے ایک شہری ہلاک، 48 زخمی

Published On 21 July,2023 09:01 pm

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں سڑک کے بیچ پراسرار دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق جوہانسبرگ میں ایک سڑک پر گاڑیاں کھڑی تھیں کہ اچانک پراسرار دھماکہ ہوا جس سے سڑک اکھڑ گئی، اس عمل کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

عینی شاہدین نے زور دار دھماکے کے بعد کیمیائی بدبو اور بخارات کے نکلنے کی اطلاع دی جس کے نتیجے میں منی بس، ٹیکسیوں سمیت دیگر گاڑیاں الٹ گئیں۔

ابتدائی معائنے میں دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آئی جبکہ ماہرین کی تحقیقات جاری ہیں، شہر کے میئر نے علاقے کے اطراف میں مقیم بے گھر افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا۔