غزہ: (دنیا نیوز) قابض اسرائیلی فوج نے شہید فلسطینی نوجوان کا گھر مسمار کردیا جس سے اہل خانہ کو پوری رات کھلے آسمان تلے گزارنی پڑی۔
عرب میڈیا کے مطابق نابلس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ میں اسرائیلی فوج نے سرچ آپریشن کیا اور گھر کو مسمار کردیا، یہ گھر شہید عبدالفتاح خروشاہ کا تھا جنھیں مارچ میں ایک چھاپا مار کارروائی میں شہید کیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے فروری میں اپنے ایک اہلکار اور اس کے بھائی کے قتل کا الزام 49 سالہ عبدالفتاح خروشاہ پر عائد کیا تھا۔
شہید نوجوان کے گھر کو مسمار اور اہل خانہ کو دربدر کیا گیا تو بڑی تعداد میں فلسطینی جمع ہوگئے اور شدید مزاحمت کی۔ اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں 6 نوجوان زخمی بھی ہوئے جب کہ 5 کو گرفتار کرلیا گیا۔
فلسطینی انجمن ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج نے زخمی فلسطینیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی گولیاں ماریں، خوش قسمتی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔