نیامے: (ویب ڈیسک) نائیجر میں سکیورٹی خدشات پر صدر محمد بازوم کا تختہ الٹ کر حکومت پر قبضہ کرنے والے فوجی حکمران جنرل چیانی نے تین سال میں اقتدار سویلینز کو منتقل کرنے کا وعدہ کر لیا۔
جنرل عبدالرحمان چیانی نے مشرقی افریقی ریجنل بلاک کے مصالحت کاروں سے ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے تاہم کسی بیرونی مداخلت کی صورت میں اپنا دفاع کریں گے۔
سرکاری ٹی وی سے اپنے خطاب میں انہوں نے قوم سے وعدہ کیا کہ 3 سالوں میں وہ اقتدار سویلینز کو منتقل کردیں گے تاہم انہوں نے اقتدار منتقلی کے حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا نہ ہی اقتدار منتقلی کوئی اور تفصیلات بتائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نائجر فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا تھا، بعد ازاں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے صدارتی گارڈز کے کمانڈر جنرل عبد الرحمان چیانی المعروف جنرل عمر چیانی نے خود کو سربراہ مملکت قرار دے دیا تھا۔