برازیلیا: (ویب ڈیسک ) سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی فروخت کرنےکے الزام میں سابق برازیلین صدر بولسونارو کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔
برازیلین میڈیا کے مطابق بولسونارو پر تین ملین ڈالر مالیت کے تحائف کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2021 میں سعودی حکومت کی جانب سے برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو تحفے میں قیمتی گھڑی اورزیورات دئیے گئے تھے، تحفے میں ملی بیش قیمت گھڑی کو بولسونارو کے قریبی ساتھی نے امریکا کے ایک مال میں فروخت کیا تھا جس کی رقم 68 ہزار ڈالرز سابق برازیلین صدر نے وصول کی۔
برازیل کے قانون کے مطابق ایک ہزار ڈالر سے مہنگی جو بھی چیز بیرون ملک سے لائی جائے اُسے ڈیکلیئر کرنا لازمی ہے، ساتھ ہی صدور غیر ملکی تحائف توشہ خانہ میں جمع ہونےکے بعد ساتھ لے جانے کے اہل نہیں ہوتے۔
بولسونارو کے وکلا کا کہنا ہےکہ تحائف ریاستی نہیں، حکومتی پینل بیشتر تحائف ذاتی ملکیت قرار دے چکا ہے۔
اس حوالے سے برازیلین ادارہ تحقیقات کر رہا ہے، الزام ثابت ہونے پرسابق صدر کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 68 سالہ بولسونارو کے خلاف فراڈ اورالیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے متعدد ساتھی جیل میں ہیں۔
سابق برازیلین صدر انتخابات میں بھی شکست سے دوچار ہوئے ، ان پر7 سال تک کوئی بھی اہم عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔