جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) ساؤتھ افریقہ میں جاری برکس سمٹ کے دوسرے روز بھی وہاں پر موجود مختلف کمیونٹیز کے افراد نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔
جوہانسبرگ کے علاقے سینڈٹون میں جاری 15ویں برکس سمٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی شرکت پر دوسرے روز بھی پر بھرپور احتجاج دیکھنے میں آیا، احتجاج میں مختلف مذاہب اور رنگ و نسل کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں کشمیری، پاکستانی، بھارتی اور مقامی افراد کی کثیر تعداد شامل تھی۔
مقررین نے کہا کہ بھارت ایک طرف تو انسانی حقوق کا چیمپئن بننے کی کوشش کرتا ہے جبکہ دوسری طرف اپنے ہی ملک میں مختلف مذاہب کی اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک اور کشمیر میں عورتوں اور بچوں پر مظالم روا رکھے ہوئے ہے، ہم مودی کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
اس موقع پر مختلف کمیونٹیز کے رہنماؤں نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یو این او سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے کے شرکاء نے بینرز، کتبے اور کشمیر کے پرچم لہرا کر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جبکہ فضا گو مودی گو کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔