الیکشن مداخلت کیس: ڈونلڈ ٹرمپ کی اڑھائی سال بعد ایکس 'ٹویٹر' پر واپسی

Published On 25 August,2023 10:03 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا سابق صدر الیکشن مداخلت کیس میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا ہوگئے اور ساتھ ہی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (ٹوئٹر) نے اڑھائی سال سے بند ان کا اکاؤنٹ بھی بحال کردیا۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اشتعال انگیز تقریر اور کانگریس ہال پر حملے پر اکسانے کی وجہ سے 2021 میں مستقل طور پر بند کردیا گیا تھا جس پر ناراض ہوکر سابق امریکی صدر نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ تیار کرلی تھی۔

ٹوئٹر کو دنیا کی امیر ترین شخصیات میں ایک ایلون مسک نے خرید لیا اور اس کا نام ایکس رکھ لیا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی قسمت نہ جاگی لیکن اب اچانک ان کا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا۔

ایکس (ٹوئٹر) پر 8 جنوری 2021 کے بعد پہلی ٹوئٹ کل کی گئی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ الیکشن مداخلت کیس میں کسی صورت سرینڈر نہیں کریں گے۔

یہ ٹوئٹ اس وقت سامنے آئی جب الیکشن میں مداخلت کے مقدمے میں صدر ٹرمپ کو گرفتاری کے چند لمحات بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کی اکاؤنٹ بحالی کے بعد کی گئی پہلی ٹوئٹ کو اب تک 136 ملین سے زیادہ ویوز اور لاکھوں لائیکس مل چکے ہیں۔