تہران: (ویب ڈیسک ) ایران میں کوہ پیماؤں کو لے جانے والی ایک منی بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صوبائی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان واحد شدینیا نے بتایا ہے کہ حادثہ ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کے شہر ورزگھان کے قریب پیش آیا۔
ان کاکہنا تھا کہ منی بس پہاڑی علاقے میں ایک سیاحتی گاؤں کی طرف جا رہی تھی کہ افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئی ۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ حادثے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد ہلاک اور8 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیش تر مسافروں نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی، اگر سیٹ بیلٹ باندھتے تو متاثرین کی تعداد کم ہوتی۔
واضح رہے کہ ایران میں سڑکیں اچھی حالت میں ہونے کے باجود ٹریفک حادثات میں اموات کی شرح کافی زیادہ ہے جس کی وجہ گاڑی چلانے کے دوران ناقص احتیاطی تدابیر اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال سے متعلق بین الاقوامی پابندیاں ہیں۔