جوہانسبرگ : (ویب ڈیسک ) جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں پانچ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے اب تک 70 افراد ہلاک اور50 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جوہانسبرگ میں عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے اور انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں ایک بچے سمیت اب تک 70 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں ، زخمیوں کو ہسپتال مینتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہیں۔
جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق جمعرات کی صبح لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے تام ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو عمارت میں امدادی کارروائی کے دوران مشکلات کا سامنا ہے جبکہ امدادی کارکن عمارت کی تمام منزلوں پر آپریشن کر رہے ہیں کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔
اس حوالے سے جنوبی افریقا کے مقامی میڈیا میں یہ خبر بھی رپورٹ کی جا رہی ہے کہ بری طرح جھلسنے کے باعث اکثر لاشوں کی شناخت مشکل ہو سکتی ہے۔