واشنگٹن: (دنیا نیوز) سمندری طوفان ایڈالیا امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد جارجیا کی طرف بڑھنے لگا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی ساحلی ریاستیں سمندری طوفان کی زد میں ہیں، ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد طوفان ایڈالیا کی شدت کیٹگری 3 سے کم ہو کر کیٹگری ون ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کیرولائنا جانے سے پہلے طوفان کی شدت مزید کم ہونے کا امکان ہے، سمندری طوفان کے فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد 3 امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
قومی سمندری طوفان مرکز نے فلوریڈا، جارجیا اور جنوبی کیرولائنا کے جنوبی حصوں میں سمندری طوفان اور طوفانی لہروں کی وارننگ جاری کر دی جبکہ متاثرہ ساحلی پٹیوں سے شہریوں کی نقل مکانی بھی شروع ہو گئی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے امریکا میں مقیم اپنے شہریوں کو سمندری طوفان ایڈالیا سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری طوفان اور خراب موسمی حالات سے نمٹنے کیلئے خصوصی ہدایات پر عمل کریں۔